اکتوبر 28, 2026

ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کا عزیز بھٹی شہید ہسپتال کا دورہ، نئی انتظار گاہوں اور ڈیجیٹلائزیشن سسٹم کا افتتاح

کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار) ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین نے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں و تیمارداروں کی سہولت کے لیے قائم کی گئی نئی انتظار گاہوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کارڈیالوجی وارڈ اور ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے باہر قائم ویٹنگ ایریاز کا معائنہ کیا، جہاں انتظامیہ کی جانب سے بیٹھنے کے لیے بینچز، سائے اور پینے کے صاف پانی جیسی ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس موقع پر ایم ایس سول ہسپتال گجرات ڈاکٹر سعود افضل اور دیگر ڈاکٹرز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے میڈیکل ایگزامینیشن ڈیپارٹمنٹ اور پیتھالوجی لیبارٹری کے ڈیجیٹلائزیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں اب کمپیوٹرائزڈ میڈیکل سرٹیفکیٹس اور لیبارٹری رپورٹس جاری کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ڈاکٹروں کے لیے بنائی گئی نئی کار پارکنگ سہولت کا بھی افتتاح کیا۔ ڈپٹی کمشنر نورالعین نے ہسپتال انتظامیہ کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مریضوں کو بہتر، جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔