اکتوبر 29, 2026

"رافیل کے ساتھ بھارت کی تھانے داری کا خواب بھی ٹوٹ گیا”: عطا تارڑ ، "بھارتی رافیل چڑیوں کی طرح گرتے نظر آئے”: مصدق ملک

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر مصدق ملک نے معرکہ حق (آپریشن بنیان المرصوص) کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دشمن کے لیے سخت پیغامات جاری کیے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق کے دوران ملک میں کوئی اپوزیشن یا حکومت نہیں تھی، بلکہ پوری قوم اور تمام ادارے ایک پیج پر متحد کھڑے تھے، جس کی بدولت دشمن کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جنگ کے تقاضے بدل چکے ہیں، تاہم معرکہ حق میں ہماری کامیابی نے پوری دنیا میں ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور آج پاکستان ایک بدلا ہوا ملک اور امن کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بھارت نے اپنے اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کے لیے مہم جوئی کی ناکام کوشش کی تھی، لیکن پاکستان نے جامع حکمت عملی اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ دشمن کو ہر سطح پر بھرپور جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رافیل طیاروں کے گرنے کے ساتھ ہی بھارت کا یہ غرور بھی خاک میں مل گیا کہ وہ جنوبی ایشیا کا ‘تھانے دار’ ہے، بھارتی گھمنڈ اب قصہ پارینہ بن چکا ہے۔

دوسری جانب، وفاقی وزیر مصدق ملک نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اگر بھارت نے ہماری تہذیب یا خود مختاری پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو اسے باقاعدہ ‘اعلانِ جنگ’ تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جو لوگ پہلے رافیل طیاروں کی کمی کا رونا روتے تھے، انہیں اپنے وہی رافیل چڑیوں کی طرح گرتے ہوئے نظر آئے، جبکہ ہمارے بہادر جوانوں نے دشمن کے گھر میں گھس کر ان کی بیٹریاں تباہ کیں اور بحفاظت واپس آئے۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ معرکہ حق نے ثابت کر دیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ حوصلوں اور ایمان کی طاقت سے جیتی جاتی ہیں اور پاکستانی مسلح افواج نے دشمن کے تمام جنگی جنون کو زمین بوس کر دیا ہے۔