کھاریاں (رپورٹ: قاری نصیر احمد کلیار) باغانوالہ کے ایک گھر میں اس وقت شدید کھلبلی مچ گئی جب ایک بن بلایا مہمان "بندر” دیواریں پھلانگتا ہوا سیدھا گھر کے ایک کمرے میں جا گھسا۔ بندر کی اس اچانک اور غیر متوقع آمد نے گھر والوں کے ہوش اڑا دیے اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے محلے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق، بندر انتہائی غصے میں دکھائی دے رہا تھا اور کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا تھا۔ تاہم، گھر والوں نے کمالِ ہوشیاری اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو بچانے کے لیے بندر کو ایک کمرے میں محصور کر دیا اور باہر سے کنڈی لگا کر اسے قید کر دیا۔ اس نازک صورتحال میں کالر کی جانب سے ریسکیو 1122 کھاریاں کو ہنگامی کال موصول ہوئی، جس میں دہائی دی گئی کہ بندر نے ان کے گھر پر قبضہ کر لیا ہے اور ان کی جان خطرے میں ہے، لہٰذا انہیں فوری بچایا جائے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کھاریاں کی ٹیم تمام تر پیشہ ورانہ مہارت اور جدید حفاظتی تدابیر کے ساتھ "ٹارزن” اسٹائل میں جائے وقوعہ پر پہنچی۔ ٹیم نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کمرے میں موجود شرارتی اور بپھرے ہوئے بندر کو قابو کرنے کے لیے باقاعدہ آپریشن کا آغاز کیا۔ کافی تگ و دو اور مہم جوئی کے بعد، ریسکیو اہلکاروں نے اپنی جان پر کھیل کر نہایت جرات مندی سے بندر کو بحفاظت پکڑ لیا۔ بندر کے پکڑے جاتے ہی گھر والوں اور اہل علاقہ نے سکھ کا سانس لیا اور ریسکیو 1122 کی فوری کارروائی، بہادری اور پیشہ ورانہ جوابی عمل کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ باغانوالہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیم نے بروقت پہنچ کر نہ صرف بندر کو پکڑا بلکہ ایک بڑے جانی حادثے کو بھی ٹال دیا، جس پر وہ ٹیم کے بے حد مشکور ہیں۔





