گلیانہ ( ڈاکٹر انصر فاروق مغل) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات، ڈاکٹر سید عطاء المُنعم نے گلیانہ اور رورل ہیلتھ سنٹر ملکہ کے اچانک دورے کیے جہاں انہوں نے عوامی صحت اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورہ گلیانہ کے دوران انہوں نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کھاریاں ڈاکٹر اسامہ طاہر کی سینیٹیشن ٹیم کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور صفائی کے ناقص انتظامات سمیت مکھیوں سے بچاؤ کے لیے جالیاں نصب نہ کرنے والے گوشت فروشوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ سی ای او ہیلتھ نے موقع پر موجود سینٹری انسپکٹر کو ان دکانداروں کے خلاف فوری چالان جمع کروانے کی ہدایت جاری کی۔ بعد ازاں، ڈاکٹر سید عطاء المُنعم نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے رورل ہیلتھ سنٹر ملکہ کا دورہ کیا جہاں انچارج ڈاکٹر اورنگزیب نے انہیں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔ سی ای او ہیلتھ نے انچارج کی درخواست پر ہسپتال میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے فوری طور پر ایک ڈسپنسر کی تعیناتی کے احکامات صادر کیے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کی دیکھ بھال میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابلِ برداشت ہے اور ناقص کارکردگی دکھانے والے عملے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔





