اپریل 29, 2026

ایران کی مسلح افواج کا ہائی الرٹ: ‘جنگ ختم نہیں ہوئی، دشمن پر اعتماد نہیں کر سکتے’: ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی

تہران: ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نیا نے واضح کیا ہے کہ ایرانی افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور موجودہ خاموشی کو جنگ کا خاتمہ تصور نہیں کیا جا رہا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، ترجمان نے کہا کہ امریکہ اور دیگر دشمنوں پر عدم اعتماد کے باعث ہم نے جنگی سطح کی تیاریوں کو برقرار رکھا ہے اور نئے اہداف کا تعین کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جنگ سے پہلے ہی انٹیلیجنس جائزوں کی بنیاد پر تمام فوجی یونٹس الرٹ تھے، جس کی وجہ سے اصفہان میں دشمن کی دراندازی کی کوشش کو فوری کارروائی کر کے ناکام بنایا گیا۔

جنرل اکرمی نیا کے مطابق، جنگ کے دوران ایرانی فضائی دفاعی نظام اور پاسدارانِ انقلاب نے مشترکہ کارروائیوں میں 170 سے زائد ڈرونز اور 16 امریکی و دشمن لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ایرانی فضائیہ نے عراق، کویت اور قطر میں دشمن کے اڈوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جبکہ بحریہ نے اسرائیل اور دیگر علاقائی اہداف پر کروز میزائل اور ڈرونز داغے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی بحریہ کی موجودگی کے باعث امریکی طیارہ بردار جہاز ‘ابراہام لنکن’ سمیت دیگر جنگی جہازوں کو ایرانی ساحلوں کے قریب آنے کی ہمت نہیں ہوئی۔