اپریل 29, 2026

مکہ مکرمہ: حج ضوابط کی خلاف ورزی پر 6 پاکستانی شہری گرفتار، بھاری جرمانے اور سزائیں متوقع

مکہ مکرمہ میں حج سکیورٹی فورس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 6 پاکستانی شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق، گرفتار شدگان میں سے ایک شخص پر بغیر حج پرمٹ کے مکہ مکرمہ میں قیام کا الزام ہے، جبکہ دیگر 5 افراد کو ایسے عازمینِ حج کو سہولیات فراہم کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے جن کے پاس قانونی پرمٹ موجود نہیں تھے۔

سعودی وزارت داخلہ نے پہلے ہی خبردار کر رکھا ہے کہ حج پرمٹ کی خلاف ورزی پر 20 ہزار ریال سے لے کر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ اور قید کی سخت سزائیں دی جائیں گی۔ حکام کے مطابق، 18 اپریل 2026 کے بعد حج ویزا کے علاوہ کسی بھی قسم کے وزٹ یا عارضی ویزا رکھنے والے افراد کا مکہ مکرمہ میں داخلہ یا قیام غیر قانونی ہے۔ عمرہ ویزا ہولڈرز کو بھی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ مقررہ تاریخ تک روانہ ہو جائیں، ورنہ 50 ہزار ریال جرمانہ اور ملک بدری کا سامنا کرنا ہوگا۔ مزید برآں، غیر قانونی مقیم افراد کو رہائش فراہم کرنے پر بھی ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔