گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورے کے موقع پر نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کا حالیہ دورہ چین پاکستان کو معاشی اور دفاعی طور پر طاقتور بنانے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے معیشت کی بہتری اور مہنگائی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے، یہاں تک کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی روزانہ کی بنیاد پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں مخلوط حکومت بہترین ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور جب تک صدر زرداری موجود ہیں، تمام اتحادی ایک پیج پر ہیں اور کسی قسم کے اختلافات کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے پہلگام واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں فالس فلیگ آپریشن کا جھوٹ بے نقاب ہو چکا ہے۔




