ڈنگہ (نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی ڈنگہ سٹی ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ حکومتی بیان محض سیاسی ڈھونگ ہیں۔ تیل‘ گیس اور بجلی کی بڑھتی قیمتوں کے باعث مہنگائی آسمان تک پہنچ گئی ہے جس نے مڈل کلاس اور کم آمدن والے کروڑوں پاکستانیوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ حکومت سعودی عرب اور قطر کے دورے تو کرنے میں مصروف ہے اور عالمی ثالثی کا جھنڈا اٹھائے پھر رہی ہے مگر اس کے نتائج آج تک نہیں ملے۔ صرف لوگوں کے لئے دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ہے۔ اوپر سے دکانیں بند کرنے کا جواز بجلی کی قیمتیں کم کرنا کہا گیا ہے مگر جب لوگوں کو بجلی بل موصول ہوتے ہیں ان کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔ حکمرانوں اور انکے اتحادیوں کی آئی پی پیز ہیں اور ان سے وہ لوگوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی عیاشیاں کم نہیں کیں مگر پہلے سے تباہ حال شہریوں پر آئے روز بم گرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب حکمران ہی فارم 47 سے آئیں گے تو ان کو عوام کی ناراضگی کی پرواہ کیا رہے گی۔




