اپریل 27, 2026

پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگز مین پلے آف میں پہنچ گئی، دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر

کراچی (اسپورٹس رپورٹر): ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے سنسنی خیز مقابلے میں حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈیز کو 108 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ حیدرآباد کی اس فتح کے ساتھ ہی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

حیدرآباد کنگز مین کی جارحانہ بیٹنگ:

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے سودمند ثابت نہ ہوا۔ حیدر آباد کنگز مین نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا۔ گلین میکسویل نے میدان کے چاروں اطراف دلکش شاٹس کھیلتے ہوئے محض 37 گیندوں پر 70 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں عثمان خان 54 اور کوشال پریرا 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

راولپنڈیز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت:

245 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کی ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی اور پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 136 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنر عثمان خواجہ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، تاہم دوسرے اینڈ سے کسی بھی کھلاڑی نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وکٹیں پتوں کی طرح بکھرتی رہیں۔

عمدہ باؤلنگ اور پلے آف کی دوڑ:

حیدر آباد کنگز مین کی جانب سے حنین شاہ نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ عاکف جاوید نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

​واضح رہے کہ حیدرآباد کنگزمین کو پلے آف میں رسائی یقینی بنانے کے لیے راولپنڈیز کو 158 رنز سے قبل روکنا تھا، جس میں وہ باآسانی کامیاب رہی۔ حیدرآباد کی اس بڑی کامیابی نے لاہور قلندرز کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔