وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے اپنی تازہ ترین ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح گزشتہ ہفتے کے 12.16 فیصد سے بڑھ کر 13.98 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 19 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جن میں آلو، بریڈ، کوکنگ آئل، انڈے، مٹن اور چکن شامل ہیں۔ تاہم، مثبت پہلو یہ رہا کہ ٹماٹر اور پیاز سمیت 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جبکہ ڈیزل، ایل پی جی، آٹا اور چینی بھی سستے ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.33 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔




