گجرات (مرزا عامربیگ سے) گجرات میں نان کسٹم پیڈ سگریٹ فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف ایف بی آر، محکمہ ایکسائز اور پیرا فورس کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق پیرا فورس کے افسران فیصل بھٹی اور عرفان بھٹی نے سرگودھا روڈ پر واقع ایک دکان ”ہیرا ملٹی سٹور” پر دو مختلف اوقات میں چھاپے مارے، جن کے دوران تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار روپے مالیت کے سگریٹ برآمد کیے گئے۔اطلاعات کے مطابق پہلے چھاپے میں دو کارٹن اور دو بڑے شاپر بھرے گئے جبکہ دوسرے چھاپے میں ایک کارٹن سگریٹ قبضے میں لیے گئے۔ دکاندار کے موبائل نمبر پر پانچ ہزار روپے جرمانے کا جمع کروانے کے لیے پیغام بھی بھجوایا گیا۔تاہم دکاندار اور تاجر برادری کا الزام ہے کہ ضبط شدہ سگریٹ کا نہ تو باقاعدہ اندراج کیا گیا اور نہ ہی برانڈ، مقدار اور تفصیل رسید میں درج کی گئی، بلکہ سامان بغیر مکمل ریکارڈ کے اپنے ساتھ لے جایا گیا۔ اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔واقعہ کے بعد گجرات کی تاجر برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تاجروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کروائی جائیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ ضبط شدہ سامان کہاں جاتا ہے۔تاجروں کا مزید کہنا ہے کہ حکومت بڑے پیمانے پر نان کسٹم پیڈ سگریٹ درآمد کرنے والے بڑے تاجروں کے خلاف کارروائی کرے، جبکہ چھوٹے دکانداروں کو پہلے ڈیوٹی اور ٹیکس ادا کرنے کا موقع دیا جائے۔اگر کوئی دکاندار ادائیگی نہ کرے تو مکمل اندراج اور قانونی کارروائی کے بعد ہی سامان ضبط کیا جائے۔تاجر رہنماؤں کے مطابق اس طریقہ کار سے نہ صرف چھوٹے کاروباری افراد کو ریلیف ملے گا بلکہ قومی خزانے میں بھی اضافہ ممکن ہو سکے گا۔




