ملک میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کا بحران شدت اختیار کرنے لگا ہے، پاور ڈویژن نے پیٹرولیم ڈویژن کو ایک ہنگامی خط لکھ کر خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر ایل این جی کا انتظام نہ کیا گیا تو لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ اور بجلی مزید مہنگی ہو سکتی ہے، ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے خط میں موقف اپنایا ہے کہ گرمی بڑھنے سے بجلی کی طلب میں اچانک تیزی آئی ہے جس کے باعث پاور پلانٹس چلانے کے لیے ایل این جی کی فراہمی ناگزیر ہو چکی ہے، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قطر کے ساتھ طویل مدتی معاہدوں کے تحت فوری طور پر ایل این جی کے 4 کارگوز کا انتظام کیا جائے، پاور ڈویژن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایل این جی کی عدم دستیابی کی صورت میں مہنگے ڈیزل پر بجلی پیدا کرنی پڑے گی جس سے نہ صرف پیداواری لاگت بڑھے گی بلکہ عوام پر بجلی کے بھاری بلوں کا بوجھ بھی مزید بڑھ جائے گا، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بروقت اقدامات نہ ہونے کی صورت میں لوڈ شیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔




