اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو نے خطے میں جاری کشیدگی کے درمیان ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنی کابینہ کو لبنان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لبنان کی جانب سے بار بار کی جانے والی درخواستوں کے پیشِ نظر انہوں نے گزشتہ روز کابینہ کو ہدایت دی کہ لبنان کے ساتھ جلد از جلد مذاکراتی عمل کا آغاز کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان مذاکرات کا بنیادی محور حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا اور اسرائیل و لبنان کے درمیان پُرامن تعلقات کا قیام ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں شدید تناؤ پایا جاتا ہے، تاہم اب سفارتی سطح پر رابطوں کی کوششیں تیز ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔




