اپریل 18, 2026

ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شدت 6.1 ریکارڈ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریختر اسکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 190 کلومیٹر تھی اور مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن تھا۔ زلزلے کے جھٹکے پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں بشمول مظفرآباد، اسکردو، دیامر، مری، ٹیکسلا، حسن ابدال، لوئر دیر، کوہاٹ، سوات اور صوابی میں بھی واضح طور پر محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے دوران زمین لرزنے پر شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور کھلے میدانوں میں پناہ لی۔ فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے۔