اکتوبر 29, 2026

لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی اور سکندر رضا پر سکیورٹی پروٹوکولز توڑنے کا الزام

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی اور کھلاڑی سکندر رضا پر مبینہ طور پر سکیورٹی پروٹوکولز توڑنے کا الزام لگا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نام مراسلے میں بتایا کہ 28 مارچ کی رات 10:35 پر لاہور قلندرز کے لائزن آفیسر نے منیجر سکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ اختر حسین سے سکندر رضا کے چار رشتہ داروں کو کمرے میں جانے کی اجازت دینے کی درخواست کی، جو سکیورٹی پروٹوکول کے مطابق مسترد کر دی گئی۔

مراسلے میں کہا گیا کہ لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے اس کے بعد چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر سے رابطہ کیا، جنہوں نے بھی اجازت دینے سے انکار کیا۔ اس کے باوجود رات 11 بج کر 5 منٹ پر شاہین آفریدی اور سکندر رضا نے سکیورٹی اہلکاروں کی مزاحمت کے بعد چاروں افراد کو ہوٹل کی 8 ویں منزل پر سکندر رضا کے کمرہ نمبر 865 میں لے گئے۔

مہمانوں میں شاہ زیب مجاہد، عادل ندیم، عثمان احمد ڈار اور بلال احمد شامل تھے، جو رات 1 بج کر 25 منٹ تک کمرے میں رہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ معاملہ سنگین ہے، اس کا مناسب فورم پر جائزہ لیا جائے اور ایسی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے ضروری کارروائی کی جائے۔