قطر نے ایران کی توانائی تنصیبات پر ہونے والے اسرائیلی حملے کو خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا ہے۔ قطری وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیل نے ایران کی ساؤتھ پارس گیس فیلڈ میں موجود توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جو درحقیقت قطر کے نارتھ فیلڈ کی توسیع کا حصہ بھی ہے۔
قطری حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ نہ صرف علاقائی سلامتی بلکہ عالمی توانائی کے تحفظ کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے، کیونکہ ساؤتھ پارس فیلڈ دنیا کی سب سے بڑی گیس فیلڈز میں شمار ہوتی ہے اور اس کی پیداوار عالمی مارکیٹ پر براہ راست اثر ڈالتی ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے بھی اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ اہم توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے سے مکمل گریز کریں تاکہ خطے میں مزید کشیدگی سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کی ساحلی ساؤتھ پارس فیلڈ میں گیس تنصیبات پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 25 ہزار ملین مکعب فٹ سے زائد گیس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس حملے کے اثرات عالمی توانائی مارکیٹ میں بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایرانی توانائی تنصیبات پر حملے خطے میں پیچیدگیوں کو مزید بڑھائیں گے اور اس کے نتائج دور رس ہوں گے۔




