اپریل 17, 2026

عید الفطر کے احترام اور اسلامی ممالک کی درخواست پر آپریشن "غضب للحق” عارضی طور پر روک دیا گیا ہے: وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر کے مقدس موقع کے پیش نظر آپریشن "غضب للحق” کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عید کے احترام اور اسلامی ممالک کی درخواست پر کیا گیا ہے تاکہ اس اہم مذہبی تہوار کے دوران خطے میں کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق یہ فیصلہ برادر اسلامی ممالک سعودی عرب، ترکیے اور قطر کی درخواست پر کیا گیا، جنہوں نے پاکستان سے اپیل کی تھی کہ عید کے موقع پر کارروائیاں روک دی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ اسلامی دنیا کے جذبات اور اتحاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے ہیں اور یہ اقدام بھی اسی تسلسل کا حصہ ہے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ آپریشن کو آج رات سے لے کر 23 اور 24 مارچ کی درمیانی رات تک معطل رکھا جائے گا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر اس دوران سرحد پار سے کسی قسم کا حملہ، دہشت گردی یا ڈرون کارروائی کی گئی تو آپریشن کو مزید شدت کے ساتھ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور اگر حالات خراب ہوئے تو ردعمل فوری اور مؤثر ہوگا۔