کھاریاں : سورہ الحجرات کی تعلیمات کے مطابق مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں اور ان کے درمیان صلح کرانا ایک عظیم نیکی ہے۔ اسی پیغام پر عمل کرتے ہوئے گاؤں لونگو میں ایک خاندانی تنازع بالآخر خوش اسلوبی سے ختم ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ناصر شوکت اور حاجی اسحاق ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے آباؤ اجداد مشترک ہیں۔ تقریباً تین ماہ قبل دونوں فریقین کے درمیان ایک جھگڑا ہو گیا تھا جس کے دوران ایک شخص کو شدید چوٹ بھی لگی۔ معاملہ عدالت تک جا پہنچا اور کیس کھاریاں سیشن کورٹ سے ہوتا ہوا لاہور ہائی کورٹ تک پہنچ گیا۔
اس مقدمے میں ایک فریق کی جانب سے ایڈووکیٹ انس غازی جبکہ دوسرے فریق کی نمائندگی ایڈووکیٹ چوہدری قاسم نمبردار کر رہے تھے۔ کافی عرصے کی کوششوں اور مذاکرات کے بعد بالآخر صلح کی راہ ہموار ہوئی۔
آج گاؤں لونگو کے معززین اور اہل علاقہ کی موجودگی میں دونوں فریقین نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر اختلافات ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس نیک کام میں چیئرمین ڈاکٹر چوہدری علی احمد طاہر، حاجی ڈاکٹر ثناء اللہ، چوہدری خادم (کینیڈا)، چوہدری ربنواز لونگو اور چوہدری ضیاء محی الدین (اسکائی ویز) نے اہم کردار ادا کیا۔
یہ صلح حاجی ڈاکٹر ثناء اللہ کے ڈیرے پر انجام پائی جہاں موجود افراد نے اس اقدام کو بھائی چارے، محبت اور اتفاق کی بہترین مثال قرار دیا۔ شرکاء نے چیئرمین چوہدری علی احمد طاہر اور حاجی اسحاق سمیت تمام بزرگوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس نیک کام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔





