اکتوبر 28, 2026

ریاض میں بزم شاہین کے زیرِ اہتمام مقابلۂ حسنِ قرأت، سینکڑوں بچوں کی شرکت

سعودی عرب (ادریس احمد سے)ریاض میں بزم شاہین کے زیرِ اہتمام ماہِ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں مقابلۂ حسنِ قرأت کا شاندار انعقاد کیا گیا جس کا مقصد نئی نسل کو قرآنِ عظیم الشان کی تلاوت اور قرأت سے جوڑنا اور ان میں دینی شعور کو فروغ دینا تھا،مقابلۂ حسنِ قرأت میں سینکڑوں بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ منتظمین کی جانب سے شرکاء کو عمر کے لحاظ سے مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا جن میں موسٹ جونئیر، جونئیر، سینئر اور حفاظ کے گروپس شامل تھے۔ بچوں کے ساتھ ان کے والدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی،مقابلوں کے دوران ججز نے شرکاء کی تجوید، مخارج، حسنِ قرأت، اعتماد اور پابندیٔ وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے نتائج مرتب کیے۔ بعد ازاں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے،اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی سرپرستِ اعلیٰ بزم شاہین سید ثاقب زبیر اور صدر یوتھ فورم محمد ابراہیم جٹ تھے۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ کریم سے مضبوط تعلق ہی ہماری دنیا و آخرت کی کامیابی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کامیاب ہونے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے،تقریب میں عمران ہاشمی، عثمان صدیق، شعیب نواز، ابوبکر خان، حمزہ سجاد سمیت پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی،مقابلۂ حسنِ قرأت کے چیف آرگنائزر اور صدر بزم شاہین سید محمود، اسامہ فاروقی، عثمان صدیقی اور توصیف احمد تھے جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ محنت کرکے اس پروگرام کو بہترین انداز میں منعقد کروایا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء، والدین اور مہمانوں نے اس بامقصد سرگرمی کو سراہتے ہوئے اسے نئی نسل کی دینی تربیت کے لیے ایک اہم اور قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔