منڈی بہاوالدین : شادی خانہ آبادی کی خوشی میں جشنِ نیزہ بازی چیمپئن شپ 25 مارچ کو مانگٹ میں منعقد کی جائے گی جس میں مختلف علاقوں سے دعوتی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس رنگا رنگ مقابلے کا انعقاد عہدِ وفا گروپ کی جانب سے کیا جا رہا ہے جبکہ اس کا اہتمام عمثان علی مانگٹ کی شادی کی خوشی میں کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس جشن میں نیزہ بازی کے ماہر گھڑ سوار اپنی مہارت کا شاندار مظاہرہ کریں گے اور تیز رفتار گھوڑوں پر سوار کھلاڑی نیزہ بازی کے دلچسپ مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ مقابلے کو دیکھنے کے لیے علاقے بھر سے شائقین کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں اور ٹیموں کے استقبال کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر عمثان علی مانگٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد شادی کی خوشی کو روایتی انداز میں منانا اور لوگوں کی خوشیوں کو دوبالا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیزہ بازی پنجاب کا ایک قدیم اور مقبول ثقافتی کھیل ہے جسے زندہ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس چیمپئن شپ میں مختلف علاقوں کی مضبوط اور تجربہ کار ٹیمیں شرکت کریں گی جس سے مقابلہ نہایت دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگا۔ عہدِ وفا گروپ کے عہدیداران کے مطابق پروگرام کو یادگار بنانے کے لیے بھرپور انتظامات کیے جا رہے ہیں اور کامیاب کھلاڑیوں کے لیے خصوصی انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔
علاقہ مکینوں اور کھیلوں کے شائقین نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی اور روایتی کھیل نہ صرف تفریح کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کو اپنی ثقافت سے جوڑے رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔





