صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ صدر مملکت نے ان کی تقرری کی منظوری دیتے ہوئے نہال ہاشمی کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے 1997 سے 1999 تک سابق وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون و انصاف کے طور پر خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں 2012 میں وہ کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر بھی رہے جبکہ اگست 2014 میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ (ن) چیپٹر کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا۔
2015 میں نہال ہاشمی مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پنجاب کی نشست پر سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے۔ اب انہیں گورنر سندھ کے اہم عہدے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 2017 میں پاناما کیس سے متعلق ایک متنازع بیان کے باعث انہیں مسلم لیگ (ن) سے نکال دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں 2021 میں پارٹی قیادت نے ان کی رکنیت بحال کر دی تھی۔




