لالہ موسیٰ میں یومِ شہادت حضرت علیؓ کے جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلہ میں ڈی ایس پی سرکل لالہ موسیٰ چوہدری احسان ظفر سندھو، ایس ایچ او تھانہ سٹی لالہ موسیٰ چوہدری ناصر محمود اور ایس ایچ او تھانہ صدر چوہدری فہد الرحمن نے مین بازار لالہ موسیٰ، سروس روڈ اور جی ٹی روڈ کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران افسران نے جلوس کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں اور دیگر اہم مقامات کا معائنہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر اور فول پروف بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ یومِ شہادت حضرت علیؓ کے جلوس کے دوران امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے اور جلوس کے روٹس پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی تاکہ شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔





