ایران نے سعودی عرب کی جانب سے اپنی سرزمین، فضائی اور سمندری حدود کو کسی بھی صورت ایران کے خلاف استعمال نہ کرنے کے دوٹوک اعلان پر مملکت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سعودی عرب میں تعینات ایرانی سفیر علیرضا عنایتی نے عالمی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران سعودی عرب کے اس مؤقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے سعودی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی حکام نے بارہا یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف مملکت کی زمینی، سمندری یا فضائی حدود کا استعمال نہیں ہوگا، جس پر ایران ان کا شکر گزار ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ کشیدگی سے قبل بھی سعودی عرب نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کی تھیں اور یہ اصولی مؤقف اپنایا تھا کہ خطے میں کسی بھی نئی جنگ یا حملے کے لیے سعودی فضائی حدود کا استعمال ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔




