اکتوبر 29, 2026

"عرب سرزمین پر موجود امریکی اڈے ہمارا ہدف ہیں”، ایرانی قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی کا دوٹوک اعلان

ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے تناظر میں ایران کی قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی نے عرب ممالک کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کسی عرب ملک پر حملہ نہیں کیا، تاہم اگر عرب ممالک کی سرزمین پر موجود فوجی اڈے ایران کے خلاف استعمال ہوئے تو ان کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ علی لاریجانی نے اپنے بیان میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "عرب سرزمین پر قائم امریکی اڈے عرب ملکوں کی ملکیت نہیں ہیں”۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی سخت موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے دفاع کے لیے ایران کی کوئی حد مقرر نہیں ہے، عرب ممالک کو ایران کے بجائے امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت پر ناراض ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرب دنیا کو یہ سمجھنا ہوگا کہ یہ جنگ ایران نے شروع نہیں کی، اس لیے جنگ بندی کے لیے ایران کے بجائے امریکہ پر دباؤ ڈالا جائے۔ اسی دوران ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے بھی واضح کیا کہ فی الحال امریکہ تک رسائی ممکن نہیں، اس لیے وہ ان تمام فوجی اڈوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو براہِ راست امریکی کنٹرول میں ہیں۔