اکتوبر 29, 2026

آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر ملک بھر میں شدید احتجاج، کراچی میں امریکی قونصلیٹ پر دھاوا، فائرنگ سے 9 افراد جاں بحق

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح ملک بھر میں پھیل گئی، جس کے نتیجے میں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شدید احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ کراچی میں صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ کیا اور سیکیورٹی حصار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے مطابق قونصلیٹ کے باہر فائرنگ کے واقعے میں 9 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوگئے، جبکہ مشتعل مظاہرین نے ٹریفک پولیس چوکی کو آگ لگا دی۔ سندھ حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی خود مظاہرین کے درمیان پہنچ گئے اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری امتِ مسلمہ سوگوار ہے اور حکومتِ پاکستان عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ لاہور میں بھی امریکی قونصلیٹ کے باہر توڑ پھوڑ کی گئی، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کو مظاہرین کے جذبات کا احترام کرنے اور ان کے لیے افطار کا بندوبست کرنے کی ہدایت جاری کیں۔ پشاور اور گلگت بلتستان میں بھی بڑے پیمانے پر امریکہ مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں ہجوم سے دور رہنے کی تاکید کی ہے۔