حکومتِ پنجاب نے صوبے میں دہشت گردی کے حالیہ خطرات اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق، صوبے بھر میں اگلے 7 روز کے لیے ہر قسم کے جلسے، جلوسوں، ریلیوں اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی رہے گی۔ اس دوران چار یا اس سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی پابندی ہوگی، جبکہ عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش اور استعمال پر بھی سختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار دورانِ ڈیوٹی ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے، جبکہ شادی بیاہ کی تقاریب، نمازِ جنازہ، تدفین کے اجتماعات، سرکاری دفاتر کے اجلاس اور عدالتی کارروائیاں اس پابندی کے دائرہ کار میں نہیں آئیں گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ سخت اقدامات شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔





