ستمبر 14, 2026

قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے بڑا اقدام: جہلم ٹول پلازہ پر موٹر وے پولیس کی روڈ سیفٹی مہم، ہیلمٹس اور بیک ویو مررز کی مفت تقسیم

جہلم (محمد زاہد خورشید ) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس، سلطان احمد چوہدری کی ہدایت پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس سیکٹر N-5 North-II جہلم کی جانب سے جہلم ٹول پلازہ پر جامع روڈ سیفٹی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مہم سیکٹر کمانڈر North-II جہلم، ایس ایس پی زاہد نذیر (PSP) صاحب کی زیر نگرانی منعقد ہوئی جبکہ ڈی ایس پی بیٹ-7 عمران محمود اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر جہلم خرم فیاض نے خصوصی شرکت کی۔


سرگرمی کا مقصد موٹر سائیکل سواروں اور دیگر روڈ یوزرز میں ٹریفک قوانین سے آگاہی اور حفاظتی اقدامات کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر موٹر سائیکل سواروں میں مفت حفاظتی ہیلمٹس اور بیک ویو مررز تقسیم کیے گئے تاکہ دورانِ سفر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید برآں سست رفتار گاڑیوں کے عقب میں ریفلیکٹنگ اسٹیکرز چسپاں کیے گئے تاکہ رات اور کم روشنی میں مرئیت بہتر بنائی جا سکے اور حادثات کے خطرات میں کمی لائی جا سکے
ٹول پلازہ پر قائم خصوصی روڈ سیفٹی اسٹال پر افسران نے موٹر سائیکل سواروں اور دیگر ڈرائیورز کو ہیلمٹ کے درست استعمال، بیک ویو مررز کی اہمیت، رفتار کی پابندی، لین ڈسپلن اور دفاعی ڈرائیونگ کے اصولوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آگاہی بینرز اور اسٹینڈیز کے ذریعے بھی عوام کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کیا گیا۔


سیکٹر کمانڈر نے بیٹ-7 کے زیر اہتمام قائم ہیلمٹ فراہمی مرکز کا معائنہ کیا اور شہریوں کے لیے معیاری حفاظتی ہیلمٹس کی بروقت دستیابی کے اس اقدام کو سراہا۔ بعد ازاں انہوں نے میڈیا بریفنگ کے ذریعے روڈ سیفٹی پیغامات کو اجاگر کیا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانانِ گرامی میں گفٹ ہیمپرز تقسیم کیے گئے جبکہ عوام کی جانب سے اس اقدام کو بھرپور سراہا گیا۔