ستمبر 10, 2026

افغانستان میں جو کام امریکا اور دیگر ممالک نے ادھورا چھوڑا، وہ کام پاکستان کو مکمل کرنا ہوگا:

ماہر قومی سلامتی امور ڈاکٹر قمر چیمہ نے افغانستان میں موجود دہشتگردوں کو عالمی برادری کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر قمر چیمہ نے کہا کہ آج افغانستان اتنا ہی خطرناک ہے جتنا وہ 2002 میں تھا، اور افغان طالبان آج بھی القاعدہ اور ٹی ٹی پی (پاکستانی طالبان) کی حمایت کرتے ہیں، بلکہ القاعدہ کو پناہ دی ہوئی ہے۔

ڈاکٹر قمر چیمہ کا کہنا تھا کہ افغانستان نے دہشتگردوں کا رخ پاکستان کی جانب کر دیا ہے، اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ صرف پاکستان کا نہیں بلکہ عالمی برادری کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ ایران، تاجکستان، روس اور چین بھی کر رہے ہیں، جو افغانستان میں دہشتگردوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے پریشان ہیں۔

ماہر قومی سلامتی امور کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں جو کام امریکا اور دیگر ممالک نے ادھورا چھوڑا ہے، وہ کام پاکستان کو مکمل کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر قمر چیمہ نے کہا کہ پاکستان کو یہ جنگ لڑنی پڑے گی اور پاکستان کی جانب سے افغانستان میں موجود آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں۔