ستمبر 11, 2026

امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان کے خطرے کے پیش نظر حکام کا الرٹ

امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان کے خطرے کے پیش نظر حکام نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق، یہ طوفان اتوار کو مشرقی ساحل کے قریب خطرناک نوعیت کے بم سائیکلون میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اس طوفان سے نیویارک سٹی، بوسٹن، فلاڈیلفیا اور دیگر بڑے شہروں کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جہاں ایک فٹ یا اس سے زائد برف باری ہو سکتی ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ نیویارک سٹی کے لیے 2017 کے بعد برفانی طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جو اس طوفان کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔

ماہرین نے برفانی طوفان کی وارننگ ڈیلاویئر، مشرقی میری لینڈ، نیوجرسی، نیویارک سٹی اور جنوبی نیو انگلینڈ کے علاقوں تک جاری کردی ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق، فلاڈیلفیا سے نیویارک اور بوسٹن تک کے علاقوں میں شدید برف باری کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اور تیز ہواؤں کی رفتار 40 میل فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں درخت گرنے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے کا خطرہ ہے۔

نیویارک، فلاڈیلفیا اور بوسٹن کے ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمدورفت بھی متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔