ستمبر 12, 2026

اقوامِ متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارت کاری کی اپیل کر دی

اقوامِ متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک سے تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری کی اپیل کی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی فوجی نقل و حرکت، جنگی مشقوں اور بحری موجودگی پر گہری تشویش ہے۔

گزشتہ روز ایران نے اقوامِ متحدہ کو ایک خط ارسال کیا تھا جس میں خبردار کیا گیا تھا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ایران اپنے دفاع کا حق استعمال کرے گا اور اس کے نتائج کی ذمے داری امریکا پر ہوگی۔

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق، امریکا کا دوسرا بحرہ بیڑا "جیرالڈ فورڈ” لڑاکا طیاروں کے ساتھ بحیرہ روم میں داخل ہو چکا ہے جبکہ پرتگال میں امریکی فضائی اڈوں پر لڑاکا طیارے پوزیشن سنبھال چکے ہیں۔

برطانوی خبر ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو امریکا ایرانی رہنماؤں کو براہ راست نشانہ بنائے گا اور امریکی فوج ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کرے گی۔