اکتوبر 29, 2026

ملت ہائی سکول چنن میں تکمیلِ قرآن کی پُروقار تقریب ، حافظ محمد احمد حافظِ قرآن بن گئے

نونانوالی ( ڈاکٹر غلام شبیر) ملت ہائی سکول چنن میں تکمیلِ قرآن کے سلسلہ میں نہایت پُروقار اور روح پرور تقریب منعقد کی گئی جس میں اساتذہ، طلبہ اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا ماحول انتہائی روحانی اور بابرکت تھا جہاں قرآن پاک کی تلاوت اور دعاؤں سے فضا معطر رہی۔

سکول کے ہونہار اور محنتی طالب علم حافظ محمد احمد ولد شہباز رزاق، ساکن خونن نے کلامِ الٰہی کو اپنے سینے میں محفوظ کر کے حافظِ قرآن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ کامیابی نہ صرف طالب علم بلکہ ان کے والدین اور اساتذہ کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے اسے اللہ تعالیٰ کا خاص فضل اور مسلسل محنت کا ثمر قرار دیا۔

تقریب کے انعقاد کا اہتمام سکول کے پرنسپل اور اساتذہ کی جانب سے کیا گیا تاکہ طالب علم کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ دیگر بچوں میں بھی دینی تعلیم کا شوق پیدا کیا جا سکے۔

تقریب میں
تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت محمد عثمان نے حاصل کی،
حدیثِ مبارکہ محمد اسماعیل نے پیش کی،
حمدِ باری تعالیٰ حسنین امتیاز نے پڑھی،
نظم دستارِ فضیلت محمد حبیب اسلم نے سنائی،
جبکہ آخری سبق اور تلاوت حافظ محمد احمد شہباز نے پیش کی جسے حاضرین نے عقیدت و احترام سے سنا۔

اس موقع پر سینئر ٹیچر حافظ محمد رفیق اور قاری محمد عبداللہ نے ایمان افروز بیانات کیے اور قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی، جبکہ پرنسپل چوہدری غلام غوث نے ہدیہ تبریک اور دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے حافظ محمد احمد، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔

آخر میں حافظ محمد احمد کے فیملی ممبران نے پرنسپل، اساتذہ کرام اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی پرتکلف تواضع کی گئی