اکتوبر 29, 2026

چنار فری ڈائلیسز سنٹر برنالہ میں خدمتِ انسانیت کی روشن مثال، محمد اسحاق اعوان کا دورہ، سالانہ ایک لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان

گلیانہ (انصر فاروق مغل) اللہ کی مخلوق سے محبت رکھنے والے افراد ہی حقیقی معنوں میں معاشرے کے محسن ہوتے ہیں۔ برنالہ کی علمی، ادبی اور سماجی طور پر ممتاز شخصیت، محمد اسحاق اعوان (ریٹائرڈ ڈائریکٹر زراعت) نے چنار فری ڈائلیسز سنٹر برنالہ برانچ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر عبدالجمیل جنجوعہ (ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر) نے معزز مہمان کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی فری ڈائلیسز سہولیات، عوامی تعاون، درپیش چیلنجز اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

محمد اسحاق اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چنار فری ڈائلیسز سنٹر برنالہ برانچ حقیقی معنوں میں اللہ کی رضا کے لیے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گردوں کے فیلیر مریضوں کے لیے گھر کی دہلیز پر فری ڈائلیسز جیسی سہولت کا میسر آنا کسی معجزے سے کم نہیں، جو لائقِ تحسین ہے۔انہوں نے اس فلاحی مشن کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ہر سال ایک لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا

جس کے تحت انہوں نے چنار فری ڈائلیسز سنٹر کی گولڈن ممبر شپ حاصل کر لی۔ ان کا کہنا تھا کہ صاحبِ حیثیت افراد کو چاہیے کہ وہ ایسے فلاحی اداروں کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ مزید مستحق مریض اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
چنار فری ڈائلیسز سنٹر برنالہ انتظامیہ کی جانب سے معزز مہمان کی آمد، سرپرستی اور مالی تعاون کے اعلان پر دلی شکریہ ادا کیا گیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔