اکتوبر 28, 2026

آج ٹیکنیکل ٹیم آخری بار عمارت کے اندر جائے گی، جس کے بعد گل پلازہ کو سیل کر دیا جائے گا: جاوید نبی کھوسو

ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ میں سرچ آپریشن تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ آج ٹیکنیکل ٹیم آخری بار عمارت کے اندر جائے گی، جس کے بعد گل پلازہ کو سیل کر دیا جائے گا۔
ڈی سی جنوبی کے مطابق اگر اب بھی کسی شہری کا پیارا لاپتا ہے تو وہ ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر سکتا ہے۔ 79 لاپتا افراد میں سے 13 کے ورثا نے تاحال ڈی این اے سیمپلز فراہم نہیں کیے، جبکہ 30 لاشوں کا ڈیٹا حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت کی ادائیگی کی جا سکے۔
دوسری جانب ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے کہا ہے کہ سانحے میں غفلت اور لاپرواہی کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جائے گا۔ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آگ لگنے کے باوجود عمارت کے دروازے کیوں نہیں کھولے گئے۔
واضح رہے کہ 17 جنوری کی شب کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 73 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سے اب تک 23 کی شناخت ہو چکی ہے۔