امریکا کی جنوبی ریاستوں میں برف کے ساتھ شدید بارش کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، جس کے پیشِ نظر متعلقہ انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ نیشنل ویدر سروس کے مطابق ملک کے مختلف حصے شدید موسم کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ نیویارک، بوسٹن اور اوکلاہوما سٹی میں 12 سے 18 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکساس، جارجیا، مسیسیپی اور ٹینیسی میں ایک انچ تک برف جمنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ وسطی میساچوسٹس میں شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق میساچوسٹس میں برفباری 12 سے 18 انچ تک ہو سکتی ہے جبکہ شدید سردی کے باعث درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہو سکتا ہے، جس سے نظامِ زندگی شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔
شدید برفباری اور خراب موسم کے باعث امریکا بھر میں 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 84 ہزار سے زائد صارفین بجلی کی بندش کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا اور طوفان سے متاثر ہونے والی تمام ریاستوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ ورسسٹر میں آخری مرتبہ جنوری 2024 میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑی تھی۔





