منڈی بہاؤالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور سے ) شہر میں پارکنگ کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث شہریوں، تاجروں اور خریداری کے لیے آنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اندرونِ شہر پارکنگ کا کوئی باقاعدہ انتظام نہ ہونے کے برابر ہے، جس کی وجہ سے کاروباری مراکز بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ منڈی بہاؤالدین کے مرکزی بازاروں اور تجارتی علاقوں میں گاڑی کھڑی کرنے کی جگہ دستیاب نہیں، جبکہ ٹریفک پولیس کا لفٹر شہر کے مختلف مقامات پر گاڑیاں اٹھاتا ہوا نظر آتا ہے، جس سے عوام میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔ خریداری کے لیے چند منٹ کے لیے گاڑی کھڑی کرنے پر بھی لفٹر کے ذریعے گاڑی اٹھا لی جاتی ہے، جو شہریوں کے مطابق سراسر زیادتی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث خریدار بازاروں کا رخ کرنے سے گریز کر رہے ہیں، جس سے کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔ منڈی بہاؤالدین کی متعدد سڑکیں اور بازاروں کی گلیاں بیریئر لگا کر موٹر سائیکلوں کے لیے بند کر دی گئی ہیں، جبکہ کئی مقامات پر گیٹس نصب کر کے آمد و رفت محدود کر دی گئی ہے۔ باقی ماندہ سڑکوں پر بھی پارکنگ کا کوئی متبادل انتظام موجود نہیں۔
واضح رہے کہ منڈی بہاؤالدین ایک بڑا تجارتی مرکز ہے جہاں روزانہ لاکھوں کی تعداد میں گرد و نواح اور دیگر دیہاتوں سے لوگ خریداری کے لیے آتے ہیں، مگر شہر میں ایسا کوئی پارکنگ اسپاٹ موجود نہیں جہاں سو یا دو سو گاڑیاں بیک وقت کھڑی کی جا سکیں۔ اس صورتحال میں شہری مجبوراﹰ سڑک کنارے گاڑیاں کھڑی کرتے ہیں، جس پر فوری طور پر لفٹر کارروائی کر لیتا ہے۔
شہریوں اور دکانداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک منڈی بہاؤالدین شہر میں ٹریفک اور پارکنگ کا باقاعدہ اور مستقل حل نہیں نکالا جاتا، اس وقت تک لفٹر کے ذریعے گاڑیاں اٹھانے کا عمل فوری طور پر بند کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے نہ صرف عوام کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا ہے بلکہ تاجروں کا روزگار بھی داؤ پر لگ چکا ہے۔
شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور شہر میں مناسب پارکنگ پوائنٹس قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام اور تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔





