ڈنگہ( عمر شیخ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے ڈنگہ اور لالہ موسیٰ کے دورے کے دوران فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات پر غیر محفوظ پلازوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد پلازے سیل کروا دیے۔
دورے کے دوران فاضل فارمیسی اینڈ مارٹ ڈنگہ سمیت مختلف کمرشل پلازوں میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی ایگزٹ کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جس پر موقع پر ہی انتظامیہ کو کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں اور پلازے سیل کیے گئے۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام سیل شدہ پلازے مکمل کلیئرنس اور حفاظتی انتظامات کی تکمیل تک بند رہیں گے۔
کمشنر گوجرانوالہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انتظامیہ کے مطابق کراچی کے گل پلازہ سانحے کے بعد پنجاب بھر میں کمرشل عمارتوں اور پلازوں میں فائر سیفٹی کے سخت معائنے جاری ہیں۔





