ڈنگہ( عمر شیخ) فائر سیفٹی انتظامات نہ ہونے کے باعث ڈنگہ شہر کے تین پلازوں کو سیل کر دیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران اے ڈی سی آر گجرات اور اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں نے ڈھلیان چوک ڈنگہ میں واقع مختلف پلازوں کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات سامنے آنے پر فاضل پلازہ، بابکہ پلازہ اور ڈھلیان چوک میں واقع ایک اور پلازہ کو سیل کر دیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس لیے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
حکام کے مطابق کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی کے المناک واقعے، جس میں 1200 سے زائد دکانیں جل گئیں اور درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے، کے بعد پنجاب بھر میں بڑے پلازوں اور تجارتی مراکز میں فائر سیفٹی کے سخت چیک کیے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ فائر سیفٹی قوانین پر پورا نہ اترنے والے پلازوں کے خلاف مزید کارروائیاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔




