سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا ) جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ضلع جہلم بھر میں عوامی ریفرنڈم کے سلسلے میں بھرپور سرگرمیاں جاری ہیں۔ جہلم کی چاروں تحصیلوں جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان کے اہم مقامات پر عوامی ریفرنڈم کے لیے کیمپ قائم کیے گئے جبکہ ڈور ٹو ڈور مہم بھی چلائی گئی، جس میں عوام نے غیرمعمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
جماعتِ اسلامی پنجاب شمالی کے ذمہ دار رُسل خان بابر نے ضلع جہلم کا دورہ کیا اور مختلف کیمپوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر امیر ضلع ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری، امرائے تحصیل ضیاء الرحمن میر (جہلم)، طارق محمود سیٹھی (دینہ)، سید ضیاء اللہ بخاری (سوہاوہ) اور خالد محمود ریحان (پنڈدادنخان) بھی موجود تھے۔
اس کے علاوہ امیر شہر جہلم حافظ ظفر اقبال ملک، امیر شہر دینہ مظاہر الاسلام اور امیر شہر سوہاوہ محمد آصف بٹ نے بھی مختلف مقامات پر قائم کیمپوں کا دورہ کیا اور عوامی شرکت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق جمعہ کے روز ضلع بھر کی مختلف مساجد کے باہر بھی کیمپ لگائے جائیں گے تاکہ نمازی حضرات کو عوامی ریفرنڈم میں اپنی رائے کے اظہار کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ جماعتِ اسلامی کی جانب سے شروع کی گئی عوامی ریفرنڈم کی یہ مہم ان شاء اللہ اتوار 18 جنوری تک اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔





