ایران نے امریکا اور صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت میں شہید ہونے والوں کی یاد میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی انقلاب کے حق میں آج دوپہر تہران کے انقلاب اسکوائر پر ایک بڑی ریلی بھی منعقد ہوگی۔ یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری بدامنی کے دوران ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کا الزام ایران نے امریکا اور اسرائیل پر عائد کیا ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایران میں افراتفری اور بے امنی پھیلانا چاہتے ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے لیے ایران میں فسادات کروا رہے ہیں۔ انہوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ فسادیوں اور دہشت گردوں سے دور رہیں اور انتشار پھیلانے کی اجازت نہ دیں۔ صدر کا کہنا تھا کہ عوام کو یقین رکھنا چاہیے کہ حکومت انصاف قائم کرنا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں 14 روز سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ ایرانی انسانی حقوق تنظیم کے مطابق اس دوران 192 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ امریکی انسانی حقوق تنظیم HRAA کے دعوے کے مطابق مظاہروں میں 490 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔




