ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل اپنے مذموم مقاصد کے لیے ایران میں افراتفری اور فسادات کرا رہے ہیں۔ ایرانی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فسادیوں اور دہشت گردوں سے دور رہیں اور انتشار پھیلانے کی اجازت نہ دیں۔
صدر پزشکیان نے واضح کیا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے اور زندگی میں بہتری لانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن کسی غیر ملکی کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے تمام طبقات کو فسادات کے خلاف متحد ہونے کی دعوت دی اور کہا کہ کوئی شہری دوسرے انسان کو نقصان نہ پہنچائے۔
انہوں نے امریکی صدر کے وینزویلا، غزہ اور دیگر مقامات پر کیے گئے اقدامات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایرانی عوام کو یقین رکھنا چاہیے کہ انصاف قائم کیا جائے گا اور بدعنوانی کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
خیال رہے کہ ایران میں احتجاجی مظاہرے 14 ویں روز بھی جاری ہیں اور ایرانی انسانی حقوق تنظیم کے مطابق دو ہفتے سے جاری مظاہروں میں اب تک 192 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔




