اپریل 20, 2026

اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے لیے تیار : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ صوبائی معاملات پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت اور تعلقات بہتر کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے ان سے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کا براہِ راست نہیں کہا، بلکہ یہ ٹاسک محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دیا گیا تھا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو عوام کے مفاد میں پالیسی بنانی چاہیے۔ اگر کوئی تقریب یا میٹنگ ہو تو وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ضرور ملاقات کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے اور عمران خان کی رہائی کے لیے بات چیت کے حالات سازگار ہونے چاہئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کی بہنیں اپنے بھائی کی رہائی کے لیے سرگرم ہیں، اور ان کے کراچی جانے کا مقصد عوامی حمایت حاصل کرنا ہے۔

سہیل آفریدی نے لاہور کے حالیہ دورے کے دوران غلط زبان کے استعمال پر معذرت بھی کی اور کہا کہ یہ عمل کا ردعمل تھا، جس پر انہوں نے پشاور میں عوام اور پارٹی کارکنان سے معذرت کر لی ہے۔