اکتوبر 29, 2026

آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ عثمان خواجہ ایشیز سیریز کے سڈنی میں ہونے والے پنک ٹیسٹ کے بعد 88 ویں اور آخری ٹیسٹ کھیل کر ریٹائر ہوں گے۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کرنے والے عثمان خواجہ نے 2011 میں بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کیا اور 15 سالہ ٹیسٹ کیرئیر میں 6 ہزار سے زائد رنز بنائے۔
عثمان خواجہ آسٹریلیا کے پہلے پاکستان میں پیدا ہونے والے اور پہلے مسلمان ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔ انہوں نے عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے آف دی فیلڈ ایک قابلِ ذکر میراث قائم کی۔ عثمان خواجہ 2023 میں آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر اور شین وارن ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے اور اسی سال وہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ بھی تھے۔
عثمان خواجہ نے کہا کہ سب سے نمایاں احساس قناعت ہے اور وہ آسٹریلیا کی نمائندگی کے دوران زیادہ میچز کھیلنے پر خوش قسمت محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ان کی کارکردگی سے لوگ متاثر ہوئے ہوں گے۔
آسٹریلیا کرکٹ کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے عثمان خواجہ کی شاندار پرفارمنس کو سراہا اور انہیں ان کی خدمات اور عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے معاشرے میں ان کے کردار پر مبارکباد دی۔
عثمان خواجہ 87 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، جبکہ ایشیز سیریز کا آخری ٹیسٹ 4 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔