اکتوبر 29, 2026

کھاریاں: کرسمس تقریبات کے بہترین انتظامات پر ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی کا اظہارِ اطمینان

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی نے ضلع بھر میں کرسمس کے موقع پر کیے گئے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے گئے مؤثر انتظامات کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔
ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی کا کہنا تھا کہ ضلع گجرات بھر میں کرسچین برادری کا پُرامن اور بے خوف و خطر کرسمس منانا ضلعی انتظامیہ کے لیے باعثِ اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج شہر میں ہر اقلیت خود کو محفوظ محسوس کر رہی ہے، جو حکومت کی بہتر حکمرانی کا عملی ثبوت ہے۔
نورالعین قریشی نے کہا کہ ہر مینارٹی کا تحفظ اور انہیں مساوی حقوق کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح اور گڈ گورننس کا معیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر فرد کرسچن کمیونٹی کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہے اور اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کو احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے انتظامیہ، پولیس اور تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔