اکتوبر 28, 2026

ڈنگہ: تھانہ روڈ پر نالے میں تعمیر کے 3 روز بعد دراڑیں، دکانداروں میں تشویش

ڈنگہ (نامہ نگار) تھانہ روڈ پر گلزار شہید چوک سے چند قدم پہلے کنٹریکٹر کی طرف سے تعمیر کردہ نکاسی آب کے نالے میں تعمیر کے دو روز بعد ہی بڑی بڑی دراڑیں پڑنے لگیں۔ سب انجینئر ڈسٹرکٹ کونسل سے دکانداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایمانداری سے نالہ کی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریلاور اس کی بنیاد پر نظر ڈالیں ورنہ بڑے نالے سے ان دراڑوں کے ذریعے رسنے والا پانی کل کو تمام متصل دکانوں کی بنیادوں کو تباہ کر دے گا۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ نالا اس طرح بنایا جا رہا ہے جیسے بس وقت گزارا جا رہا ہو۔ تھانہ روڈ‘ کولیاں روڈ اور مین بازار میں برسوں قبل تعمیر کردہ نالے آج تک مکمل طور پر کھڑے ہیں مگر یہ ان سے دوگنا چوڑا نکاسی آب کا نالا بننے کے 3 روز کے بعد ہی جگہ جگہ سے ٹوٹ رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر گجرات‘ اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں اور سب انجینئر ان نالوں کے معیار کا جائزہ لے کر معیار کو بہتر بنانے کی فوری کاوش کریں۔