جون 14, 2026

پی آئی اے کی نجکاری، 75 فیصد حصص کی بولیاں آج لگائی جائیں گی

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت، قومی ائیرلائن کے 75 فیصد حصص کی بولیاں آج لگائی جائیں گی۔ نجکاری کمیشن کے اعلامیے کے مطابق بولیاں صبح 10 بج کر 45 منٹ سے 11 بج کر 15 منٹ تک وصول کی جائیں گی جبکہ سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر بولیاں کھولی جائیں گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بولیاں جمع ہونے کے بعد مہربند لفافوں کو خصوصی ڈبے میں رکھا جائے گا، جس کے بعد پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں ریفرنس قیمت طے کی جائے گی۔ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری ریفرنس قیمت کی منظوری دے گی اور بولی کھلنے کے موقع پر اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

نجکاری کمیشن کے مطابق اگر بولیاں ریفرنس قیمت سے زیادہ ہوئیں تو کھلی نیلامی کی جائے گی، جبکہ ریفرنس قیمت سے کم ہونے کی صورت میں زیادہ بولی لگانے والے کو ترجیح دی جائے گی۔ قومی ائیرلائن کے 25 فیصد حصص حکومت کے پاس قیمتی اثاثے کے طور پر برقرار رہیں گے، جبکہ کامیاب بولی دہندہ بقیہ 25 فیصد حصص خریدنے یا حکومت کے پاس چھوڑنے کا مجاز ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد بولی دہندگان سے موصول دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے اور نجکاری کمیشن 90 دن کے اندر تمام قانونی کارروائی مکمل کرے گا۔ حکومت کے فیصلے کے مطابق بولی کے عمل کو ٹی وی نیٹ ورکس پر براہِ راست دکھایا جائے گا جبکہ مشیر برائے نجکاری محمد علی عمل کے اختتام پر پریس کانفرنس کریں گے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری وزیراعظم شہباز شریف کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد قومی ائیرلائن کو مالی بحران سے نکالنا اور بہتر انتظامی ڈھانچہ قائم کرنا ہے۔