جون 16, 2026

گجرات: عوامی شکایات پر پٹرول پمپ اور وزن کنڈا سیل

گجرات: ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، پرائسز و اوزان و پیمائش مس راشدہ بتول نے عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے رحمن شہید روڈ پر واقع ایک پٹرول پمپ اور شادیوال روڈ پر قائم وزن کنڈا سیل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، پرائسز و اوزان و پیمائش کی ٹیم نے رحمن شہید روڈ پر ایم ایس پٹرول پمپ پر چھاپہ مارا، جہاں پیمانہ چیک کرنے پر پٹرول کی مقدار کم پائی گئی، جس پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے پٹرول پمپ کو سیل کر دیا گیا۔

اسی طرح شادیوال روڈ پر انصاف کمپیوٹرائزڈ کنڈا کی چیکنگ کی گئی، جہاں اوزان درست نہ ہونے پر وزن کنڈا بھی سیل کر دیا گیا۔

اس موقع پر مس راشدہ بتول نے کہا کہ عوام سے کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی، پنجاب حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ شہریوں کی نشاندہی پر فوری ایکشن لیا گیا ہے اور آئندہ بھی عوامی شکایات پر بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، کسی کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔