جون 21, 2026

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان، فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر ملیں گے

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے لیے تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔ فیفا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آئندہ ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

یاد رہے کہ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 44 کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی تھی۔ فیفا کے مطابق 2026 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالرز انعام دیا جائے گا، جبکہ پچھلے ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز ملے تھے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز، تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز اور چوتھے نمبر کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز انعامی رقم دی جائے گی۔ پانچویں سے آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

اسی طرح نویں سے سولہویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو ڈیڑھ کروڑ ڈالرز دیے جائیں گے۔ 17ویں سے 32ویں نمبر تک آنے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالرز جبکہ 33ویں سے 48ویں پوزیشن پر آنے والی ہر ٹیم کو 90 لاکھ ڈالرز انعامی رقم ملے گی۔

فیفا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو تیاریوں کے لیے اضافی طور پر 15 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا، جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔