نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے چار افسران کے استعفے باضابطہ طور پر منظور کر لیے گئے ہیں۔ استعفیٰ دینے والوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز چوہدری سمیت تین اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے ذرائع کے مطابق استعفیٰ دینے والے افسران میں ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز چوہدری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عثمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد شعیب ریاض اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاصمہ مجید شامل ہیں۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چاروں افسران کے استعفے 20 نومبر سے مؤثر قرار دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ استعفے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب این سی سی آئی اے کے بعض افسران متنازع معاملات کی زد میں تھے۔ واضح رہے کہ معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی نے این سی سی آئی اے کے افسر سرفراز چوہدری پر سنگین الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد یہ معاملہ خاصی توجہ کا مرکز بن گیا تھا۔
اسی کیس سے متعلق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد شعیب ریاض تفتیشی افسر کے فرائض انجام دے رہے تھے، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عثمان کے خلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں۔ ان پیش رفتوں کے بعد ادارے کے اندرونی معاملات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے استعفوں کی منظوری کے بعد ادارے میں ممکنہ انتظامی تبدیلیوں اور آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا جا رہا ہے۔





