جون 16, 2026

پی ایس ایل 11 کے باعث پاکستان کے بنگلادیش دورے کے شیڈول میں رد و بدل کا امکان

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے انعقاد کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئندہ دورہ بنگلادیش کے شیڈول میں رد و بدل کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کو مارچ اور اپریل میں بنگلادیش کا دورہ کرنا ہے، تاہم پی ایس ایل 11 کی تاریخوں کے اعلان کے بعد سیریز کی ری شیڈولنگ زیر غور ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے میں دو ٹیسٹ میچز شامل ہیں جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے، جبکہ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی جانب سے پی ایس ایل 11 کی تاریخیں 26 مارچ سے 3 مئی تک اعلان کیے جانے کے بعد بنگلادیش کے خلاف سیریز کی ونڈو متاثر ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کرکٹ بورڈز کے درمیان مشاورت جاری ہے اور دونوں فریق اس بات پر متفق ہیں کہ میچز کی تعداد میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔ سیریز کے لیے نئی ونڈو تلاش کی جا رہی ہے اور جلد ہی مناسب شیڈول کا اعلان متوقع ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ دو ٹیسٹ میچز چونکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں اس لیے انہیں ترجیح دی جائے گی، جبکہ وائٹ بال سیریز میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے شیڈول میں رد و بدل ہو سکتا ہے۔