جون 16, 2026

پی ایس ایل 11: محسن نقوی نے ایونٹ کی تاریخوں کا اعلان کر دیا

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ 2026 سے 3 مئی 2026 تک کھیلا جائے گا۔ یہ اعلان انہوں نے نیویارک میں پی ایس ایل کے روڈ شو کے دوران کیا، جس میں پی سی بی عہدیداروں اور قومی کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں کو انعامات دینے سے اُن کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور پی سی بی اور پی ایس ایل کے آرگنائزر مل کر کرکٹ کی ترقی اور فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بے پناہ باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں اور پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا قیمتی تجربہ ملتا ہے۔ جبکہ سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کے شائقین کرکٹ کے لیے تفریح کے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے اور ملک میں کرکٹ کے شائقین کی دلچسپی کو بڑھا رہی ہے۔